تازہ شمارہ
Title Image
March 04, 2019

کوچہ انداز

خواتین کی فیشن لسٹ کا جائزہ لیا جائے تو اس میں پولکا ڈاٹس کا فیشن سرفہرست نظر آتا ہے۔ پولکا ڈاٹس کو ایسے ٹرینڈی پرنٹس میں شمار کیا جاتا ہے جسے وقت اور موسم سے بے نیاز ہو کر اپنایا جاتا ہے۔ یہ پرنٹس 1950ء سے فیشن ورلڈ پر راج کررہے ہیں اور ان کی خصوصیت یہ ہے کہ وقت کے ساتھ ان کی مقبولیت ماند پڑنے کی بجائے بڑھتی جارہی ہے۔ پولکا ڈاٹس سے وابستہ قدامت کی کشش انہیں بار بار جدید فیشن میں کھینچ لاتی ہے اور یہ نئے سرے سے خواتین کے ملبوسات ہی کو نہیں بلکہ دیگر لوازمات کو بھی جگمگا دیتے ہیں۔  اس بار نئے سال کی ابتدا پر ہی فیشن رن وے پر پولکا ڈاٹس کی جھلک نظر آئی اور پھر جب متعدد سیلیبریٹی خواتین نے انہی پرنٹس میں طرح طرح کے ملبوس زیبِ تن کئے تو یہ ایک بار پھر فیشن انڈسٹری پر چھا گئے۔ آج کل پولکا ڈاٹس سے مزین ملبوسات ہی نہیں بلکہ دیگر فیشن لوازمات بھی ان سے سجے دکھائی دیتے ہیں۔ خواتین کے بیگز، پرس اور جوتوں کے علاوہ چشموں کے فریم اور یہاں تک کہ زیورات پر بھی پولکا ڈاٹس کی بہار نظر آتی ہے۔  اس میں شبہ نہیں کہ پولکا ڈاٹس اسی وقت اچھا تاثر پیش کرتے ہیں جب انہیں پہنتے وقت ایک تناسب کو مدنظر رکھا جائے۔ اگر ایسا نہ کیا جائے تو آپ کی شخصیت ماند پڑ سکتی ہے۔  آپ چاہیں تو پولکا ڈاٹس شرٹ، پلین ٹرائوزر یا سادہ شلوار، دوپٹے کے ہمراہ زیب تن کرسکتی ہیں یا شرٹ اور دوپٹہ سادہ ہو تو اس کے ساتھ ٹرائوزر پولکا ڈاٹس والا پہنا جاسکتا ہے۔ سادہ شلوار قمیص پر پولکا ڈاٹس دوپٹہ لیا جائے تب بھی آپ کا ملبوس خوشگوار تاثر پیش کرتا ہے۔ اس کے علاوہ جدید فیشن کی بات کی جائے تو پولکا ڈاٹس ٹاپ، کرتیاں اور ٹیونک بھی اکثر مواقع پر لڑکیوں کی پہلی پسند قرار پاتے ہیں۔ یہی نہیں بلکہ پولکا ڈاٹس کی مدد سے ان دنوں جدید تراش خراش کے اسکرٹس، لہنگے اور لانگ ڈریسز بھی تیار کئے جارہے ہیں۔ اس کے علاوہ پولکا ڈاٹس سے سجی ساڑھیاں بھی ان دنوں فیشن کا حصہ نظر آتی ہیں۔ ایسی ساڑھیوں کو اگر نفاست سے پہنا جائے تو یہ بلاشبہ انتہائی منفرد تاثر پیش کرتی ہیں۔   یہ پرنٹس چھوٹے، بڑے اور درمیانہ سائز کے ڈاٹس میں تیار کئے جاتے ہیں۔ اب یہ آپ پر منحصر ہے کہ وقت اور موقع کی مناسبت سے انہیں کیسے اپناتی ہیں۔