تازہ شمارہ
Title Image
March 04, 2019
آپ کے لپ کلرز پنکھڑی اک گلاب کی سی ہے

آپ کے لپ کلرز پنکھڑی اک گلاب کی سی ہے

میک اَپ کے لوازمات کا ذکر کیا جائے تو ان میں سے جو چیز فوری طور پر آپ کا تاثر بدل سکتی ہے، وہ آپ کا خوشنما لپ کلر ہے۔ یہ آپ کی لپ اسٹک ہی ہے جو آپ کی شخصیت کو ایک نیا رنگ ڈھنگ عطا کرتی ہے اور کسی عام سے لباس میں بھی آپ کا چہرہ ایک دم چمک اٹھتا ہے۔ دیکھا جائے تو یہ ایک ایسا آسان اور تیزترین طریقہ ہے جس سے آپ محض چند لمحوں میں اپنا اسٹائل بدل سکتی ہیں۔  مثال کے طور پر آفس آتے ہوئے آپ نے لپ اسٹک کا کوئی ہلکا یا نیوڈ شیڈ استعمال کیا لیکن شام کو آفس سے کسی تقریب کا رخ کرتے وقت اگر آپ برائٹ پنک یا سرخ شیڈ کی کوئی لپ اسٹک لگا لیتی ہیں تو اس سے آپ کا تاثر قطعی طور پر بدل جاتا ہے۔  میک اپ اور فیشن ماہرین کے مطابق رواں سال کے دوران جو لپ کلرز نئے ٹرینڈز کا حصہ رہیں گے، ان میں پنک کلر کے شیڈز سرفہرست ہیں۔ ان میں پیسٹل یا ہلکے شیڈز سے لے کر برائٹ شیڈز تک بہت سے خوشنما کلرز شامل ہیں۔ ان تمام شیڈز کو آپ اپنی پسند کے مطابق میٹ اور گلوسی دونوں صورتوں میں استعمال کرسکتی ہیں۔  دوسرے نمبر پر اس بار کلاسک ریڈشیڈز اپنی جگہ بناتے دکھائی دے رہے ہیں۔ بیوٹی ایکسپرٹس کے مطابق سرخ لپ کلرز کے تمام شیڈز، رواں پارٹی سیزن کی جان بنے رہیں گے جبکہ شوخ اورنج شیڈز کا استعمال اس سال کم کم ہی نظر آئے گا۔ البتہ نیوڈ شیڈز اس بار پہلے سے بھی بڑھ کر خواتین کے دلوں کو جیتتے دکھائی دیتے ہیں بلکہ کم عمر لڑکیاں زیادہ تر نیوڈ شیڈز کے سحر میں ہی گرفتار نظر آتی ہیں۔ سو، رواں سیزن کے دوران بھی یہ قدرتی شیڈز مقبولیت کی بلندی پر رہیں گے۔ اسی طرح لپ اسٹک کے برائون شیڈز بھی اس سال خواتین کے میک اپ باکس کا حصہ رہیں گے کیونکہ لپ کلرز کا ذکر آئے تو بیشتر خواتین ہمیشہ برائون شیڈز کے عشق میں گرفتار دکھائی دیتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ برائون لپ کلرز 1990ء سے اب تک متواتر فیشن کا حصہ بنے ہوئے ہیں۔