تازہ شمارہ
Title Image
March 04, 2019
حفیظ زخمی ہوگئے

حفیظ زخمی ہوگئے

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز لاہور قلندرز کے کپتان حفیظ ہاتھ کی انجری کے سبب ممکنہ طور پر بقیہ پی ایس ایل میں شرکت نہیں کر سکیں گے جبکہ ان کی ورلڈ کپ میں بھی شرکت پر سوالیہ نشان لگ گیا۔کراچی کنگز کے خلاف میچ کے دوران حفیظ کی گیند پر کولن انگرام نے انہی کی جانب تیز شاٹ کھیلا اور کیچ پکڑنے کی ناکام کوشش میں وہ انگلی زخمی کرا بیٹھے۔ حفیظ کو فوری طور پر میدان سے باہر لے جا کر معائنہ کیا گیا اور قلندرز کی میچ میں 22رنزسے فتح کے بعد انہیں فوری طور پر ایکسرے اور اسکین کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔ ابتدائی رپورٹس کے بعد ڈاکٹرز نے حفیظ کو چند دن آرام کا مشورہ دیا تھا اور امید تھی کہ وہ جلد صحت یاب ہو جائیں گے تاہم اب ان کی لیگ میں شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔ پشاور زلمی کے خلاف میچ میں اے بی ڈی ویلیئرز نے لاہور قلندرز کی قیادت کی اور ٹاس کے موقع پر انکشاف کیا کہ حفیظ کی انگلی میں فریکچر ہوا جس کے سبب وہ 4 سے 6 ہفتوں تک کرکٹ نہیں کھیل سکیں گے۔ اس کے ساتھ ہی حفیظ کے لیے پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا اختتام ہو گیا ہے اور اب وہ شاید ہی کسی میچ میں قلندرز کی نمائندگی کر سکیں۔ حفیظ کی صرف پی ایس ایل میں ہی شرکت پر سوالیہ نشان نہیں لگا بلکہ دو ماہ بعد شیڈول کرکٹ ورلڈ کپ میں بھی ان کی شرکت مشکوک ہوگئی ہے اور ان کی شرکت کا انحصار فٹنس پر ہوگا۔ حفیظ نے اس سے قبل گزشتہ تینوں سیزن میں پشاور زلمی کی نمائندگی کی تھی اور اس سال وہ لاہور قلندرز کے کپتان مقرر کئے گئے تھے لیکن بدقسمتی سے اپنی ٹیم کے دوسرے ہی میچ میں وہ زخمی ہو کر ایونٹ سے باہر ہوگئے۔ حفیظ کی غیرموجودگی میں پاکستان سپر لیگ کے بقیہ میچز میں اے بی ڈی ویلیئرز لاہور قلندرز کی قیادت کررہے ہیں اور تادم تحریر جو میچز ہوئے تھے ان میں اے بی ڈیولیئر نے کپتان کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو میچ جتوائے۔