تازہ شمارہ
Title Image
March 04, 2019
وقار یونس پی ایس ایل کے مداح؟

وقار یونس پی ایس ایل کے مداح؟

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے ڈائریکٹر وقاریونس نے کہا ہے کہ لیگ نے پاکستانی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کو بہتر کیا ہے اور مسلسل نیا ٹیلنٹ سامنے آرہا ہے۔ وقار یونس کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں اگر آپ مختصر طرز کو دیکھیں تو محسوس ہوگا کہ اس میں اہم بہتری آئی ہے جس کی بنیادی وجہ پی ایس ایل ہے۔ پی ایس ایل کی ویب سائٹ کو انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل نے پاکستان کو نیا ٹیلنٹ دیا اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اس کو عروج پر پہنچایا۔ خیال رہے کہ وقار یونس پی ایس ایل کے پہلے ایڈیشن میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ تھے تاہم 2016ء میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں شکست کے بعد عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے ہر سیزن میں نیا ٹیلنٹ سامنے آیا اور اسلام آباد یونائیٹڈ سے بھی چند اچھے کھلاڑی ملے ہیں۔ قومی ٹیم کے سابق کپتان نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی سب سے بڑی مثال ہیں جو ایک اسٹار ہیں اور پی ایس ایل میں میچور ہوئے ہیں اور میں ان سے بہت متاثر ہوا ہوں۔ وقار یونس نے کہا کہ پی ایس ایل سے کھلاڑیوں کی دریافت کے بعد ان کی تربیت کے لیے پی سی بی کی ذمہ داری بڑھ جاتی ہے اور لیگ سے انڈر 19 کھلاڑی ابھر کر آرہے ہیں۔ پی ایس ایل سے ابھرنے والے نئے کھلاڑیوں پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ نئے کھلاڑی پاکستان کا مستقبل ہیں، فرنچائزوں نے انہیں موقع دیا اور فرنچائز جیتنا چاہتی ہیں لیکن وہ کھلاڑیوں کی تربیت بھی کرتی ہیں جس کے بعد پی سی بی باری آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو فرسٹ کلاس کرکٹ پر مزید توجہ دینے کی ضرورت ہے تاہم پی ایس ایل کو کامیابی قرار دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جو نظر آرہا ہے وہ اچھا ہے، اچھا محسوس ہو رہا ہے اور نتیجہ بھی اچھا مل رہا ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے ڈائریکٹر نے کہا کہ ہماری زیادہ توجہ پی ایس ایل پر ہے اور ہمیں اسی طرح فرسٹ کلاس پر بھی توجہ دینی ہے۔ مجھے سننے کو مل رہا ہے کہ تبدیلیاں آرہی ہیں، اسپانسرز ریجن کے ساتھ مل رہے ہیں، اس لیے ہوسکتا ہے اگلے چند برسوں میں ہمیں کچھ تبدیلیاں نظر آئیں اور ہم پی ایس ایل کی طرح ٹیسٹ کے لیے بھی کھلاڑی متعارف کروانا شروع کریں گے۔ کرکٹ کا وسیع تجربہ رکھنے والے عظیم بولر نے کہا کہ میرا ماننا ہے کہ پی ایس ایل جب پاکستان میں ہوگی تو یہ دنیا کی صف اوّل کی لیگ بنے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت یہ تین سرفہرست لیگز میں شامل ہے، آئی پی ایل پہلے نمبر پر ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں تاہم پی ایس ایل بڑی اور بہتر ہو رہی ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ اس کو مکمل طور پر پاکستان میں کروا دیا جائے۔