تازہ شمارہ
Title Image
March 04, 2019
فنکاروں نے انٹرنیٹ پر ڈیرے ڈالے

فنکاروں نے انٹرنیٹ پر ڈیرے ڈالے

دنیا بھر کی طرح پاکستانی فنکار بھی، انٹرنیٹ کےذریعے فیس بک، واٹس ایپ گروپس اور ٹوئٹر کو اپنی تشہیر اور اپنے مداحوں کے ساتھ اپنا رابطہ جوڑے رکھنے کے لیئے بہت مہارت سے استعمال کر رہے ہیں۔ کون کس ڈرامے میں آنے والا ہے، کس نے کون سی فلم سائن کر لی، کس کی کس سے منگنی ہو گئی ، کون شادی کے بندھن میں بندھ گیا اور کس کا کس کے ساتھ بریک اَپ ہو گیا؟ صرف یہی نہیں بلکہ اب تو فنکار اپنی لمحے لمحے کی مصروفیات آن لائن شیئر کر دیتے ہیں، اور سب کو پتہ ہوتا ہے کہ کون فنکار کس فلائٹ میں بیٹھ کر کون سے ملک یا کس شہر کی طرف عازم سفر ہے۔ صرف یہیں پر بس نہیں ہے بلکہ کون کس ریسٹورنٹ میں بیٹھ کر اس وقت کس کے ساتھ کیا آرڈر کرنے والا ہے۔ فیس بک لائیو کے ذریعے اب فنکاروں کے دنیا بھر میں پھیلے مداحوں کو یہ بھی پتہ ہوتا ہے۔  انٹرنیٹ کی اسی بھاگ دوڑ اور سوشل میڈیا کے دور میں ٹیلی ویژن ڈراموں کے بعد ویب سیریز کا بڑھتا ہوا رجحان پاکستان اداکاروں کو بھی اپنی جانب متوجہ کررہا ہے اور اب اداکار احسن خان اور اداکارہ عائزہ خان بھی اس کا حصہ بننے جارہے ہیں۔ یہ دونوں اداکار ڈراموں کے ساتھ ساتھ اب ایک ساتھ ویب سیریز میں بھی کام کرتے نظر آئیں گے۔ احسن خان کا کہنا تھا کہ یہ ویب سیریز زی چینل کے لیے ہے جس میں سمیعہ ممتاز، قوی خان اور سہیل احمد بھی کام کرتے نظر آئیں گے۔ احسن خان کے مطابق ایک بہترین ٹیم اس ویب سیریز پر کام کر رہی ہے جبکہ ہدایت کار بھی کافی قابل ہیں۔ اداکار نے تصدیق کی کہ یہ ویب سیریز پاکستانی ڈرامے جیسی ہی ہوگی، تاہم اب تک اس کا نام فائنل نہیں کیا گیا۔ اداکار کا کہنا تھا کہ یہ ایک ویب سیریز ہے لیکن ہوگی ڈرامے کی طرح ہی، جس میں ہماری ثقافت کو پیش کیا جائے گا۔ ویب سیریز کی کہانی کے حوالے سے اداکار نے بتایا کہ ویب سیریز کی کہانی جاگیردارانہ پس منظر پر مبنی ہے، جیسے جب آپ کسی جگہ پر سب سے بڑے ہوں اور آپ کے پاس بےحد جائیداد بھی ہو، تاہم کوئی اور اس کی جائیداد اور نام حاصل کرنا چاہتا ہو۔ ڈرامے میں خاندانی جھگڑوں کو دکھایا جائے گا۔ اداکار نے مزید کہا کہ کہانی خاندانی سیاست پر مبنی ہے، کیسے کوئی مستحق لوگوں کی مدد کرنا چاہتا ہو لیکن چند لوگ اس کے راستے کی دیوار بن جائیں۔ کہانی بےحد دلچسپ ہے، اسے بہت بہترین انداز میں تحریر کیا گیا ہے جو پاکستانی ثقافت کو پیش کرے گا۔ احسن خان کے مطابق یہ ہمارے ڈراموں کی طرح ہی ہوگا جنہیں دنیا بھر میں لوگ دیکھنا چاہتے ہیں۔ دنیا بھر کے لوگ پاکستانی ڈراموں کو پسند کرتے ہیں اور امید ہے کہ ویب سیریز کے ذریعے لوگ پاکستانی ثقافت کو دیکھ پائیں گے۔ ویب سیریز رواں سال مارچ میں ریلیز ہوگی۔ یاد رہے کہ اس سے قبل احسن خان اور عائزہ خان ایک ساتھ جیو ٹی وی کے ڈرامے ’میرا پیار ہے تو‘ میں کام کرچکے ہیں جو 2013ء میں ریلیز ہوا تھا۔ دیکھنا یہ ہے کہ عائزہ اور احسن اس ویب سیریز کو پروموٹ کرنے کے لئے کتنا پُرتجسس ٹریلر تیار کرتے ہیں، کیونکہ انٹرنیٹ کے ناظرین کو متاثر کرنے کے لئے ٹریلر کا پُراثر ہونا ضروری ہے۔ مہوش حیات کی پہلی ویب سیریز ’عنایا‘ کا ٹریلر جب گزشتہ سال ریلیز ہوا تو فنکاروں میں اس حوالے سے خوشی کی لہر دوڑ گئی تھی کہ اب اداکار کسی پروڈکشن ہاؤس کی محتاجی کے بغیر ہی اپنے سیریل انٹرنیٹ کے ذریعے ناظرین تک پہنچا سکیں گے۔ ٹریلر میں انہیں ایک ابھرتی ہوئی گلوکارہ کے طور پر دکھایا گیا تھا۔ اگرچہ ٹریلر سے پوری ویب سیریز کا اندازہ لگانا مشکل تھا تاہم ویب سیریز میں مہوش حیات کالج کی طالبہ سے ایک گلوکارہ بنتی نظر آئیں۔ ٹریلر میں مہوش حیات کو جہاں کالج کی زندگی میں دکھایا گیا، وہیں انہیں کالج کے میوزیکل گروپ کے ساتھ بھی ہاتھ ملاتے ہوئے اور پھر ان کے ساتھ میوزیکل بینڈ کو کامیاب بناتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ ساتھ ہی مہوش حیات کو میوزیکل بینڈ کے ایک رکن کے ساتھ محبت میں مبتلا بھی دکھایا گیا۔ ٹریلر میں دکھایا گیا کہ مہوش حیات کے علاوہ ایک اور خاتون گلوکارہ بھی ہوتی ہیں، جو ان کی گروپ میں موجودگی پر اعتراض کرتی ہیں، تاہم گروپ کے دیگر ارکان ان کے خدشات سے خوفزدہ نظر نہیں آتے۔ ہدایت کار وجاہت رؤف کی اس میوزیکل رومانٹک ویب سیریز کی دیگر کاسٹ میں گل رعنا، رباب ہاشم، اسد صدیقی اور شان بیگ سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔  جب بات ہو انٹرنیٹ پر فنکاروں کی سرگرمیوں کے حوالے سے تو علی سلیم بھی بہت متحرک نظر آتے ہیں۔ علی سلیم نے 2005ء میں بیگم نوازش علی کا کردار دنیا کے سامنے متعارف کروایا تھا اور اب وہ دوبارہ اس کردار کے لیے کم بیک کرنے جارہے ہیں۔ اداکار، ٹی وی میزبان علی سلیم نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے اس خبر کی تصدیق کی کہ وہ جلد ایک ویب سیریز میں جلوہ گر ہونے جارہے ہیں جس میں وہ اپنے مقبول کردار بیگم نوازش علی کے روپ میں نظر آئیں گے جس میں وہ مشہور شخصیات کے انٹرویوز لیں گے۔ علی سلیم نے انکشاف کیا کہ کہ وہ اب تک 7؍ اقساط کی شوٹنگ مکمل کرچکے ہیں۔ اداکار کا کہنا تھا کہ ’ہم نے میرا، ہمایوں سعید، مہوش حیات، سوہائے علی ابڑو، صدف کنول اور زاہد احمد کے ساتھ شو کی شوٹنگ کرلی ہے۔ اس ویب سیریز کی پروڈکشن پر کام جاری ہے۔ علی سلیم نے بتایا کہ اس ویب سیریز کی ہدایات ندیم بیگ دے رہے ہیں۔ اب تک اس ویب سیریز کی ریلیز تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا، تاہم اس کی نشریات جلد متوقع ہیں۔