تازہ شمارہ
Title Image
March 04, 2019
ماہرہ خان نے کس سے دوستی کرلی؟

ماہرہ خان نے کس سے دوستی کرلی؟

اداکارہ ماہرہ خان اور اداکارہ میرا کے درمیان جاری سرد جنگ سے تو سب ہی آگاہ ہیں، تاہم اب ایسا محسوس ہورہا ہے کہ ان دونوں نے ماضی کی تمام تلخیاں بھلا کر ایک دوسرے کی جانب دوستی کا ہاتھ بڑھا لیا ہے۔ ویسے تو انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں خواتین کو ہمیشہ ایک دوسرے کے مدمقابل سمجھا گیا ہے، تاہم اب بدلتے وقت کے ساتھ یہ اداکارائیں بھی ایک دوسرے کو پروموٹ کرتی نظر آتی ہیں۔ اداکارہ میرا ہدایت کار عاصم رضا کی آنے والی فلم ’پرے ہٹ لو‘ میں ایک گانے پر رقص کرتی نظر آئیں گی، جس کی ریلیز سے قبل ہی اداکارہ ماہرہ خان نے میرا کی پرفارمنس کی تعریفوں کے پُل باندھ دیے۔ ماہرہ خان نے ٹوئٹر پر لکھا کہ انہوں نے ’پرے ہٹ لو‘ کے ایک گانے کا پریویو دیکھا، جس میں سب ہی کمال پرفارم کررہے ہیں۔ تاہم ماہرہ کے مطابق اگر کسی نے ساری توجہ اپنی جانب کرلی تو وہ میرا تھیں جو ہر فریم میں سب سے دلکش نظر آئیں۔ جس کے بعد اداکارہ میرا نے بھی فوری ماہرہ خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ایک ٹویٹ کی۔ اس میں میرا کا کہنا تھا کہ وہ اس تعریف کیلئے ماہرہ کی شکر گزار ہیں، جبکہ انہوں نے ماہرہ خان کو بھی ان کے کام پر سراہا۔ یاد رہے کہ چند سال قبل میرا نے ٹوئٹر پر ماہرہ خان پر تنقید کرتے ہوئے ایک ٹویٹ میں لکھا تھا کہ ماہرہ کو اداکاری کرنا نہیں آتی، اس لیے لوگ انہیں دیکھ کر اپنا وقت ضائع نہ کریں۔