تازہ شمارہ
Title Image
March 04, 2019
ایمان علی پیا دیس کی رانی بن گئیں

ایمان علی پیا دیس کی رانی بن گئیں

ٹاپ ماڈل و اداکارہ ایمان علی کی شادی کی تقریبات شروع ہوئیں تو ساتھی فنکاروں کی طرف سے لاہور میں ڈھولک کا اہتمام کیا گیا۔ ایمان علی کے پرستاروں کو ان کی شادی کا کافی عرصے سے انتظار تھا جو بالآخر اب انجام پانے کے قریب ہوئی تو مداحوں کے ساتھ ساتھ ان کے ساتھی فنکار بھی پُرجوش ہو گئے۔ شادی کی تقریبات کا آغاز ہوا تو سوشل میڈیا نے بھی جشن منانا شروع کر دیا، ان کے گھر پر ڈھولک کا اہتمام ہوا جس میں فیروز خان، احسن خان، عروہ حسین، شہزاد رضا، سعدیہ خان، قاسم یار ٹوانہ، فرحان سعید، علیزے گبول اور سونیا حسین سمیت بہت سے لوگوں نے شرکت کی۔ بعد ازاں مایوں کی تقریب میں شوبز ساتھیوں اور فیملی نے خوب رنگ جمایا۔ ایمان علی کی شادی بابر بھٹی سے ہو رہی ہے جو بہادری و جرأت پر نشان حیدر کا اعزاز پانے والے میجرعزیز بھٹی شہید کے پوتے ہیں۔ مایوں کی تقریبات میں اداکارہ عروہ حسین، گلوکار و اداکار فرحان سعید، ویڈنگ پلانر قاسم یار ٹوانہ، کوریوگرافر گوہر حیات اور بہت سے دیگر نمایاں رہے۔ بیٹی کی مایوں میں ایمان کی والدہ اداکارہ حمیرا علی نے ڈھول کی تال پر پنجابی ٹپے گا کر خوب رنگ جمایا جبکہ ایمان نے خود بھی ڈھول بجایا۔ اداکارہ عروہ حسین نے مایوں کی روایتی رسموں میں بھی حصہ لیا۔ایمان پاکستان ٹیلیویژن کے معروف اداکار عابد علی کی بیٹی ہیں۔ ماڈلنگ کے علاوہ ایمان نے کئی ٹی وی ڈراموں میں بھی کام کیا جبکہ فلم ’’ماہ میر‘‘ سے وہ اپنے فلمی کیرئیر کا بھی آغاز کرچکی ہیں۔ کچھ عرصہ قبل ایمان کے قریبی دوست فیشن ڈیزائنر حسن شہریار یاسین نے سوشل میڈیا پر ان کے مداحوں کو بتایا تھا کہ ایمان کی شادی جلد ہونے والی ہے اور ہم سب اس کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ دونوں کے نکاح کی تقریب لاہور میں ہوئی۔ ایمان علی کی مہندی اور نکاح کی تقریبات ایک ساتھ ہوئیں، جس میں دولہا دلہن سمیت شوبز ساتھیوں نے بھی ڈانس اور موج مستی سے خوب رنگ جمایا۔ ایمان علی زرد رنگ کے غرارہ سوٹ میں خوب جچ رہی تھیں جبکہ بابر بھٹی سفید شیروانی میں ملبوس تھے۔ نکاح کے وقت ایمان نے روایتی دلہنوں کے برعکس خوب کھلکھلا رہی تھیں۔ ان کا حق مہر 25 لاکھ روپے مقرر کیا گیا۔ ایمان علی نے نکاح کے بعد خود بھی ڈانس کیا جبکہ دولہا میاں بھی پرفارم کرنے میں پیش پیش تھے۔ تقریب میں عزیز و اقارب کے علاوہ ثروت گیلانی، عروہ حسین، فرحان سعید، میک اپ آرٹسٹ شہزاد رضا، فیشن ڈیزائنر فراز منان، حسن شہریار یاسین، علی ذیشان، زارا شاہجہاں، یاسمین ہاشمی، ایونٹ پلانر قاسم یارٹوانہ، گلوکار علی ظفر اور ان کی اہلیہ گوہر حیات سمیت دیگر بہت سے معروف چہرے شریک تھے۔ ایمان علی نے انسٹاگرام پر بابر بھٹی کے ساتھ اپنی منگنی کا اعلان 18؍جنوری کو کیا تھا۔ ایمان علی پاکستان ٹیلیویژن کے معروف اداکار عابد علی کی بیٹی تو ہیں ہی مگر ان کی والدہ حمیرا علی بھی جانی مانی اداکارہ ہیں۔ ماڈلنگ کے علاوہ ایمان نے کئی ٹی وی ڈراموں میں بھی کام کیا جبکہ فلم ’’خدا کے لیے، بول اور ماہ میر‘‘ میں بھی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔ ایمان علی کی نئی آنے والی فلم ’’ٹچ بٹن‘‘ ہے جس میں ان کے علاوہ مرکزی کرداروں میں فرحان سعید، فیروز خان اور سونیا حسین شامل ہیں۔ نکاح میں جوڑے کے قبول ہے کہنے کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں۔ نکاح کی ویڈیو میں جوڑے کے نکاح کی کارروائی سنی جا سکتی ہے۔ ویڈیو میں نکاح خواہ حق مہر کی رقم کا اعلان بھی کرتے سنائی دیتے ہیں۔ ماڈل ایمان علی کو حق مہر میں 25 لاکھ روپے ادا کیے جائیں گے، جس میں سے 10 ہزار روپے انہیں فوری طور پر نقد دیے گئے۔ اداکارہ اپنے نکاح اور شادی کی تقریب میں بھی زرد رنگ کے لہنگے اور انارکلی فراک میں نظر آئیں۔