تازہ شمارہ
Title Image
March 04, 2019
فواد پولیو ڈراپ اسکینڈل

فواد پولیو ڈراپ اسکینڈل

معروف پاکستانی اداکار فواد خان کو بچوں کو پولیو ویکسین نہ پلوانا مہنگا پڑ گیا۔ پولیس نے ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ اگرچہ ان سطور کی اشاعت تک صورتحال مزید واضح ہو چکی ہوگی تاہم ان سطور کے لکھے جانے تک فواد یا ان کی اہلیہ کی جانب سے واقعہ کی تردید کے علاوہ کوئی موقف سامنے نہیں آیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ سیزن فور کیلئے ٹائٹل سانگ گانے والے فواد خان بچوں کو پولیو ویکسین نہ پلوا کر مشکل میں پھنس گئے۔ لاہور میں پولیو ورکرز کی ٹیم فواد خان کے گھر پہنچی تو ان کی اہلیہ نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلوانے سے انکار کر دیا۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق اداکار فواد خان کی اہلیہ صدف خان نے بچوں کو پولیو قطرے نہیں پلانے دئیے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور صالحہ سعید کا کہنا ہے کہ فواد خان کی اہلیہ صدف خان کی جانب سے پولیو ویکسین نہ پلوانے پر گھر کے سربراہ فواد خان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ صالحہ سعید کے مطابق اداکار فواد خان کے گھر سارا دن پولیو ورکرز کی ٹیم موجود رہی۔ لاہور میں بچوں کو پولیو کے قطرے نہ پلوانے پر مزید 6 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ 4مقدمات تھانہ فیصل ٹاؤن اور 2 مقدمات تھانہ ماڈل ٹاؤن میں درج کرائے گئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق پولیو ورکرز کے ساتھ تعاون نہ کرنے پر یہ کارروائیاں عمل میں لائی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ لاہور میں ایک پولیو کا کیس سامنے آیا تھا جس کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں پولیو مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ فواد خان کی میڈیا ٹیم نے بیٹی کو پولیو کے قطرے نہ پلوانے کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے درج کئے گئے مقدمے کو غیرضروری قرار دیا ہے۔ ایسے میں فواد خان کی میڈیا ٹیم نے ان تمام بیانات کی تردید کرتے ہوئے وضاحت پیش کی کہ ’اس میں کچھ بھی سچ نہیں ہے، جس وقت انسداد پولیو ٹیم نے گھر کا دورہ کیا، اس وقت والدین (فواد خان اور ان کی اہلیہ صدف خان) گھر میں موجود نہیں تھے۔ اداکار کی میڈیا ٹیم نے بتایا کہ فواد خان 13؍ فروری سے ملک سے باہر ہیں جہاں انہوں نے پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی اور اب وہ امریکا میں موجود ہیں۔ فواد خان کی ٹیم نے کہا کہ ان کی سفری تاریخ واضح کرتی ہے کہ ایف آئی آر بدنیتی پر مبنی ہے جو فواد خان کی غیرموجودگی کو سامنے رکھتے ہوئے درج کی گئی اور انہیں ایف آئی آر کی خبر بھی میڈیا کے ذریعے موصول ہوئی۔ ان کی ٹیم نے واضح کیا کہ فواد خان انسداد پولیو مہم کے مکمل حامی ہیں۔ اداکار کی میڈیا ٹیم نے مزید کہا کہ فواد خان کی بیٹی کی تمام ویکسی نیشن بروقت کرائی جارہی ہیں جس کا ریکارڈ بھی دستیاب ہے اور ان کے خلاف درج کئے گئے مقدمے سے ان کی شہرت کو ٹھیس پہنچی۔