تازہ شمارہ
Title Image
March 04, 2019
ارمینا اور میکال کیوں ہوگئے پرجوش

ارمینا اور میکال کیوں ہوگئے پرجوش

پاکستان میں ان دنوں جس تیزی کے ساتھ سینما انڈسٹری کی بحالی کا شور مچایا جارہا ہے، اگرچہ اس برق رفتاری سے فلمیں تو نہیں بن رہیں، مگر جو فلمیں ریلیز کے لیے تیار ہیں ان کی تشہیری مہم بولی وڈ کی طرز پر اب زیادہ بہتر انداز میں کی جانے لگی ہے اور نہ صرف فلمساز بلکہ خود فلم میں کام کرنے والے اداکار بھی ان فلموں کی ریلیز سے قبل تشہیر کا مرحلہ اپنے سوشل میڈیا اکائونٹ کے ذریعے حل کررہے ہوتے ہیں۔ نامور پاکستانی اداکار میکال ذوالفقار متعدد ڈراموں میں اپنی بہترین اداکاری سے متاثر کرنے کے بعد اب فلم ’شیردل‘ کے ساتھ مداحوں کے دل جیتنے کے لیے پُرجوش ہیں، جس کا پہلا ٹیزر بھی سامنے آچکا ہے۔ فلم ’شیردل‘ کی کہانی لڑاکا طیارے کے پائلٹ کی زندگی پر مبنی ہے۔ فلم کے ٹیزر میں 1965ء کی پاک- بھارت جنگ کا دور پیش کیا گیا، جہاں میکال ذوالفقار نے لڑاکا طیارے کے پائلٹ کا کردار نبھایا۔ وہ اپنی ٹریننگ کے دوران وطن سے محبت، عزت اور ڈیوٹی کی اہمیت کے بارے میں سیکھیں گے۔ ’شیردل‘ کا پہلا ٹیزر مداحوں کو متاثر کرنے میں بھی کامیاب رہا جبکہ اس کی سنیماگرافی کو بھی سراہا جارہا ہے۔ فلم ’’شیر دل‘‘ میں میکال کے ساتھ ارمینہ خان، سبیکا امام اور حسن نیازی کام کرتے نظر آئیں گے۔ اظفر جعفری کی ہدایات میں بننے والی فلم ’شیردل‘ رواں سال 22؍مارچ کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔ خیال رہے کہ رواں سال 22 مارچ کو ہی فلم ’لال کبوتر‘ اور ’پروجیکٹ غازی‘ کو ریلیز کرنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ پاکستانی اداکارہ ارمینہ خان بھی اپنے نئے پراجیکٹ ’شیر دل‘ کے لیے بہت زیادہ پُرجوش ہیں۔ انہوں نے گزشتہ سال بغیر کسی تفصیل کے سوشل میڈیا پر فلم کا ایک ٹیزر شیئر کیا تھا، جس کے بعد مداح ان کے نئے پراجیکٹ پر اپنے اندازے لگاتے رہے۔ 40 سیکنڈز کے دورانیے کی اس ویڈیو میں ارمینہ خان اور میکال ذوالفقار کی فلم کی دیگر کاسٹ کے ساتھ تصاویر پیش کی گئیں۔ اس فلم میں یہ تمام کاسٹ پائلٹ کا کردار ادا کرتی نظر آئے گی، جہاں ارمینہ خان اس پراجیکٹ کے بارے میں بالکل خاموش ہیں۔ فلم کے کوریوگرافر اور گلوکار سونو کا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’میں فلم میں ڈانس کوریو گراف کررہا ہوں، میرا فلم میں ایک مختصر کردار بھی ہے‘۔ اس فلم کی شوٹنگ پاکستان اور مصر میں کی گئی ہے۔ فلم کی شوٹنگ کا آغاز گزشتہ سال اسلام آباد میں ہوا جبکہ اس میں موجود ایک پارٹی سانگ بیرون ملک شوٹ کیا گیا۔ سونو اس فلم کے چار گانوں کی کوریوگرافی کررہے ہیں۔