تازہ شمارہ
Title Image
March 04, 2019
فیشن کی دنیا کے بے تاج بادشاہ کارل لیگر فیلڈ چل بسے

فیشن کی دنیا کے بے تاج بادشاہ کارل لیگر فیلڈ چل بسے

خوبصورت چیزیں تخلیق کرنے والے سبھی لوگ خوبصورت نہیں ہوتے، یا کم از کم ہماری توقعات کے مطابق خوبصورت نہیں ہوتے۔ بعض کی عادات و اطوار یا رویہ کچھ زیادہ قابل تعریف نہیں ہوتا۔ 19؍فروری 2019ء کو 85 سال کی عمر میں انتقال کر جانے والے بین الاقوامی شہرت کے حامل فیشن ڈیزائنر کارل لیگر فیلڈ بھی لوگوں کے ساتھ ہمیشہ ہی حسن اخلاق سے پیش نہیں آتے تھے۔ کبھی کبھی وہ لوگوں پر ظالمانہ حد تک تیکھے جملے بھی کس دیا کرتے تھے لیکن وہ فیشن کی دنیا کی ایک ایسی ممتاز اور منفرد شخصیت تھے کہ انہیں نظرانداز کرنا یا ان سے قطع تعلق کرنا آسان نہیں تھا۔ کارل لیگر فیلڈ ایک خوشحال جرمن فیملی میں پیدا ہوئے جس کی جاگیر ڈنمارک کی سرحد کے قریب واقع تھی۔ گو کہ انہیں دنیا کی تمام آسائشیں میسر تھیں لیکن انہیں اپنا بچپن کچھ زیادہ خوشگوار محسوس نہیں ہوا۔ شاید اس کی ایک وجہ یہ بھی ہو کہ ان کی والدہ کافی تیزمزاج خاتون تھیں۔ کارل ان کا تذکرہ تو محبت سے کرتے تھے لیکن اس سے محبت میں ایک قسم کی تلخی کی آمیزش بھی ہوتی تھی۔ کارل نے اپنا کیریئر 1955ء میں فیشن ڈیزائنر بالمین کے اسسٹنٹ کے طور پر شروع کیا پھر وقت کے ساتھ ساتھ آگے بڑھتے ہوئے انہوں نے اپنے زمانے کے بڑے فیشن ڈیزائنرز جین پیٹو، کلو اینڈ فینڈی کے ساتھ کام کیا۔ کلو اینڈ فینڈی کی فیشن کمپنی میں وہ اپنے انتقال کے وقت کریٹیو ڈائریکٹر رہے۔ تاہم ان کی سب سے طویل رفاقت مشہور زمانہ کمپنی ’’چینل‘‘ کے ساتھ رہی۔ ’’ہائوس آف چینل‘‘ اپنی فیشن ڈیزائننگ ہی کی وجہ سے نہیں بلکہ اپنی بہت سی مصنوعات کی وجہ سے بھی دنیا میں مشہور ہے۔  کارل لیگر فیلڈ 1983ء میں ’’چینل‘‘ سے وابستہ ہوئے۔ کمپنی کی بانی اور مالکن کوکو چینل نے بلاشبہ خواتین کے ملبوسات میں ایک انقلاب برپا کر دیا تھا۔ ان کے ڈیزائن کردہ ملبوسات کی سب سے بڑی خوبی یہ ہوتی تھی کہ وہ خواتین کے لئے بے حد آرام دہ ہوتے تھے اور ان کا استعمال بہت آسان ہوتا تھا لیکن 1970ء کی دہائی تک ان کے ملبوسات میں یکسانیت اور ٹھہرائو آگیا تھا، ان میں کوئی نیا پن نظر نہیں آتا تھا۔ لیگر فیلڈ کی اس کمپنی میں آمد گویا تازہ ہوا کے ایک تیز جھونکے کی طرح تھی۔ انہوں نے کوکو چینل کے ڈیزائنر کو بالکل معدوم بھی نہیں ہونے دیا اور ان کے اسٹائل کو برقرار رکھتے ہوئے ان میں ایسی اختراعات کیں کہ فیشن ہائوس کو ایک نئی زندگی مل گئی۔ انہوں نے فیشن میں روایت اور جدت کا ایک دلکش امتزاج پیش کیا۔ لباس کے سلسلے میں کارل لیگر فیلڈ کی اپنی سب سے بڑی پہچان وکٹورین اسٹائل کا ذرا بڑا اور سخت کالر، سیاہ چشمہ اور نقرئی بالوں کی پونی ٹیل تھی۔ ان کا اپنا لباس بھی فیشن اور جدت کا زبردست امتزاج نظر آتا تھا۔ ان کی چال بھی کسی ڈانسر کے اسٹیپس سے کم نہیں تھی۔ دنیا بھر کے مردوں اور عورتوں کو اسٹائل دینے کے ساتھ ساتھ خود بھی اپنا ایک اسٹائل متعین کرنے واے ان جیسے فیشن ڈیزائنرز کم ہی پیدا ہوئےہیں۔