تازہ شمارہ
Title Image
March 11, 2019
تعلیمی سرگرمیاں

تعلیمی سرگرمیاں

پنجاب یونیورسٹی پہلی مرتبہ  کیو ایس رینکنگ میں شامل یونیورسٹیوں کی عالمی رینکنگ کے سب سے معتبر ادارے ’کیو ایس ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ‘ نے دنیابھر کی یونیورسٹیوں کی نئی درجہ بندی کی فہرست جاری کر دی ہے جس میں پہلی مرتبہ پنجاب یونیورسٹی نے مضمون کے اعتبار سے ہونے والی درجہ بندی میں بہترین جگہ حاصل کی ہے۔ حالیہ رینکنگ میں پنجاب یونیورسٹی کے مضامین فزکس اور آسٹرونومی کے سالڈ اسٹیٹ فزکس، ہائی انرجی فزکس کے شعبوں میں، کیمسٹری کے بائیو کیمسٹری، فزیکل /انیلیٹکل /آرگینک /انورگینک /اپلائیڈ کیمسٹری، زراعت اور جنگلات کے مضامین کی پہلی مرتبہ درجہ بندی کی گئی ہے۔ اس شاندار کامیابی پر وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیاز احمد اختر نے ڈینز، مختلف شعبہ جات کے سربراہان، اساتذہ، طلبا اور ملازمین کو مبارکباد پیش کی ہے۔ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور عالمی ایوارڈ کے لئے نامزد گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور عالمی ایوارڈ کے لئے نامزد، ٹائمز ہائر ایجوکیشن نے جی سی یو کو لیڈرشپ اور مینجمنٹ ٹیم ایوارڈ کے لئے شارٹ لسٹ کر دیا۔ ایشیا کی صرف آٹھ یونیورسٹیوں کو اس ایوارڈ کے لئے شارٹ لسٹ کیا گیا ہے لیکن جی سی یو پاکستان کی واحد یونیورسٹی ہے جسے ٹائمز ہائر ایجوکیشن نے اس ایوارڈ کے لیے نامزد کیا ہے۔ دیگر یونیورسٹیوں کا تعلق چین، متحدہ عرب امارات، ملائیشیا اور بھارت سے ہے۔ پنجاب یونیورسٹی کا 128ویں جلسہ عطائے اسناد پنجاب یونیورسٹی کی128ویں جلسہ عطائے اسناد میں پی ایچ ڈی کی38، ایم ایس/ ایم فل کی373، ایم ای/ ایم ایس سی کی 393اور بی ایس کے 267طلبا و طالبات کو ڈگریاں جبکہ ایم ایس/ ایم فل کی100، ایم اے/ ایم کے 68اور انڈر گریجوئٹس کے 75طلبا و طالبات کو میڈلز دیئے گئے۔ تقریب میں کل 1314ڈگریاں اور میڈلز تقسیم کئے گئے۔  علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی، بی ایڈ پروگرام کے دورانیہ میں توسیع  علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے ہائر ایجوکیشن کمیشن نے روڈ میپ پر بی ایڈ پروگرام کے دورانیہ میں توسیع کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایک سالہ بی ایڈ پروگرام کو ڈیڑھ سالہ، ڈھائی سالہ اور چار سالہ بی ایڈ پروگرامز میں تبدیل کردیا ہے۔ بی ایڈ کے نئے پروگرامز میں ٹیچنگ آبزرویشن، ٹیچنگ پریکٹس، کورس ورکشاپ، ریسرچ پراجیکٹ اور فیس ٹو فیس ٹیچنگ کمپوننٹ کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ ان اقدامات کے نتیجے میں تربیت حاصل کرنے والے اساتذہ کے معیار میں بہتری آئی ہے۔ یونیورسٹی نے بی ایڈ کے ان تینوں پروگرامز کے دورانیہ میں توسیع کی بنیاد پر فیس پر نظرثانی کی ہے جو حسب روایت دیگر جامعات کی فیس سے بہت کم ہے۔ فیس میں ردّوبدل کی منظوری یونیورسٹی کی فنانس کمیٹی کی سفارشات پر یونیورسٹی کی ایگزیکٹیو کونسل نے دی تھی جس کا اطلاق سمسٹر خزاں 2018ء سے کیا گیا ہے۔ سندھ میں 50 اسکولوں کا منصوبہ چار سال بعد بھی التوا کا شکار صوبہ سندھ میں 2015ء میں شروع ہونے والے تعلیمی منصوبے 4 سال بعد بھی التوا کا شکار ہیں۔ 2019ء تک بھی محکمہ تعلیم سندھ میں 50؍اسکولوں کا منصوبہ مکمل نہ کر سکا۔ سابق وزیرِ اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کے دور میں 25 کیمبرج اسکول بنانے کا فیصلہ ہوا تھا۔ صوبہ سندھ میں 25 کیمبرج اور 25کمپری ہینسو اسکول بنائے جانے تھے۔ اسکولوں کی تعمیر مکمل کرنے کی بجائے محکمہ تعلیم نے منصوبے کا نام تبدیل کر دیا۔ سندھ میں تعلیمی شعبے میں ابتری کا اعتراف وزیرِ تعلیم سندھ سید سردار شاہ نے بھی کرلیا۔ وزیر تعلیم سندھ کا کہنا تھا کہ سابق وزیرِ اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کے دور میں 25 کیمبرج اسکول بنانے کا فیصلہ ہوا تھا تاہم بعد میں کیمبرج اسکولوں کے منصوبے کا نام تبدیل کر دیا گیا۔ سید سردار شاہ نے کہا کہ کیمبرج اسکولوں کے قیام کی اسکیم 2015ء میں شروع کی گئی تھی لیکن اب کیمبرج کی بجائے انگلش میڈیم اسکول بنائے جا رہے ہیں۔ سندھ کے وزیر تعلیم کا یہ بھی کہنا تھا کہ ابھی صرف 15 انگلش میڈیم اور 6کمپری ہینسو اسکولوں کی تعمیر مکمل ہوئی ہے، 24 کمپری ہینسو اسکولوں کی تعمیر کی اسکیم ابھی مکمل نہیں ہو سکی۔