تازہ شمارہ
Title Image
March 11, 2019
گیسٹرو فیسٹیول ذائقوں کی بہار

گیسٹرو فیسٹیول ذائقوں کی بہار

اسپین کے باشندے خاصے زندہ دل واقع ہوئے ہیں، یہی وجہ ہے کہ یہاں سارا سال تقریبات، تہواروں اور میلوں ٹھیلوں کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔ آپ سال کے کسی بھی مہینے اسپین پہنچ جائیں، آپ کو وہاں کسی نہ کسی تقریب میں شرکت کا موقع مل ہی جائے گا۔ سو، فروری کا مہینہ بھی اس سے الگ نہیں۔ اس دوران اسپین میں کئی تقریبات اور تہوار منائے جاتے ہیں جن میں آلمنڈ فیسٹیول، گیسٹرو فیسٹیول، سان سسیلو فیسٹیول، وومنز فیسٹیول اور ویلنٹائن ڈے شامل ہے۔ ’’گیسٹرو فیسٹیول‘‘ دراصل ایک فوڈ فیسٹیول ہے جسے اسپین کے شہر میڈرڈ میں منایا جاتا ہے۔ اس کا آغاز جنوری کے تیسرے ہفتے سے کردیا جاتا ہے اور فروری کے پہلے ہفتے تک اسے منایا جاتا ہے۔  یہ اسپین کا ایک ایسا روایتی ثقافتی تہوار ہے جس کے دوران چاروں طرف فوڈ کلچر کی بہار نظر آتی ہے۔ اس موقع پر نہ صرف مقامی لوگوں کو بلکہ باہر سے آنے والوں کو بھی اسپین کی قومی اور بین الاقوامی ڈشز کا ذائقہ چکھنے کے لئے ملتا ہے۔ یہ رنگا رنگ ڈشز نہ صرف مقامی ریستورانوں اور ہوٹلز میں پیش کی جاتی ہیں بلکہ اس موقع پر عارضی اسٹالز بھی بنائے جاتے ہیں۔  اس موقع پر جگہ جگہ کاک ٹیل بار قائم کئے جاتے ہیں، گورمٹ شاپس کھولی جاتی ہیں اور یہی نہیں بلکہ شہر کے عجائب گھروں، آرٹ گیلریز اور دیگر مقامات پر بھی شہریوں کے لئے ضیافت کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ خوشی کے اس موقع پر کھانے پینے کی اشیاء پر خصوصی ڈسکائونٹس بھی دیئے جاتے ہیں۔  یہ ایک ایسا تہوار ہے جس کے موقع پر کھانے پینے کی لذت کو گویا آرٹ کے ساتھ یکجا کردیا جاتا ہے۔ یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ ایسا انوکھا امتزاج دنیا میں کہیں اور دیکھنے میں نہیں آتا۔ گویا یہ اسپین والوں ہی کا کمال ہے کہ انہوں نے اپنے اس فوڈ فیسٹیول کو آرٹ، پینٹنگ، میوزک، فلم، تھیٹر اور فوٹوگرافی کے ساتھ منسلک کردیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مذکورہ بالا تمام سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ مختلف جگہوں پر لذت کام و دہن کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے اور اس موقع پر جہاں ایک سے بڑھ کر ایک ماہر شیف اپنی ہنرمندی کا مظاہرہ کرتا ہے، وہیں آرٹسٹس بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ یعنی آپ آرٹ، میوزک اور تھیٹر ملاحظہ کریں اور ساتھ ساتھ عمدہ کھانوں سے پیٹ پوجا بھی کرتے جائیں۔  اس موقع پر اسپیشل مینو پیش کئے جاتے ہیں اور شائقین کے لئے ماہر شیفس کی جانب سے کوکنگ کلاسز کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے۔ اس رنگا رنگ تقریب کے موقع پر اہل اسپین اپنی فلاحی سرگرمیوں کو بھی نہیں بھولتے لہٰذا ایسی تقریبات بھی رکھی جاتی ہیں جو فلاحی مقاصد کیلئے ترتیب دی جاتی ہیں۔