تازہ شمارہ
Title Image
March 11, 2019
پارٹی کی تیاری لیکن سستی ہے طاری؟

پارٹی کی تیاری لیکن سستی ہے طاری؟

اگر آپ کا شمار ان خواتین میں ہوتا ہے جو اپنے آپ پر سب سے آخر میں توجہ دیتی ہیں اور جب کہیں جانے کا سوال آئے تو ان پر اس خیال سے ہی بے پناہ سستی اور تھکان طاری ہوجاتی ہے کہ اب تیاری بھی کرنی پڑے گی تو یہاں آپ کی مدد کیلئے کچھ سادہ اور آسان تجاویز حاضر ہیں جن پر عمل کر کے آپ جھٹ پٹ کہیں جانے کیلئے تیار ہوسکتی ہیں۔  میک اَپ کرنا اتنا مشکل نہیں اور ضروری نہیں کہ میک اَپ کرنے میں کئی گھنٹے صرف کردیئے جائیں۔ اس کی بجائے آپ ان چند سادہ سے اسٹیپس پر عمل کریں جو میک اَپ کے ضمن میں انتہائی ضروری ہیں۔ سب سے پہلے آپ اچھی طرح اپنے چہرے کی کلینزنگ کر لیں، خاص طور پر اپنا وہ آئی میک اَپ ضرور صاف کرلیں جو آپ نے گزشتہ روز کیا تھا۔ کیونکہ آپ نہیں چاہیں گی کہ گزشتہ روز لگائے گئے کاجل یا مسکارا کی باقیات آپ کے آج کے میک اَپ کا تاثر خراب کرے۔  کسی بھی تقریب میں شرکت کیلئے تیاری کرنا اس وقت مشکل ہوجاتا ہے جب آپ کے پاس وقت کم ہو اور آپ یہ چاہیں کہ کم سے کم وقت میں سولہ سنگھار کرکے ہی جائیں۔ تقریب میں نمایاں نظر آنا آپ کا حق ہے لیکن اس کیلئے یہ قطعی لازمی نہیں کہ آپ کا میک اَپ بہت ہیوی ہو۔ اس کی بجائے آپ کا ہلکا پھلکا میک اَپ اور فریش لُک ہی آپ کو جاذبِ نظر بنانے کیلئے کافی ہے اور اس کام میں آپ کا وقت بھی زیادہ صرف نہیں ہوگا۔ جھٹ پٹ تیاری کے ضمن میں دوسری اہم بات یہ کہ پرائمر لگانا نہ بھولیں۔ اسے اپنے میک اَپ اسفنج کی مدد سے چہرے پر لگائیں اور اس کے بعد فائونڈیشن کی تھوڑی سی مقدار نقطوں کی صورت میں چہرے اور گردن پر لگالیں، پھر اسے ہلکے ہاتھ سے بلینڈ کر لیں۔ آپ دیکھیں گی کہ آپ کا چہرہ ایک دم چمک اٹھا ہے۔ یہ تاثر تب ہی حاصل ہوتا ہے جب آپ میک اَپ اسٹیپس پر صحیح طور سے عمل کرتی ہیں۔  جب آپ کے پاس تیاری کا وقت کم ہو اور آپ پر سستی بھی طاری ہو تو ایسے میں ہیوی فائونڈیشن لگانے کی کوشش نہ کریں کیونکہ فائونڈیشن کی تھوڑی سی مقدار ہی اس وقت آپ کا مسئلہ حل کرسکتی ہے جبکہ ہیوی فائونڈیشن لگانے سے میک اَپ کا تاثر خراب ہوسکتا ہے بالخصوص اس صورت میں جبکہ آپ کے پاس اسے ٹھیک سے بلینڈ کرنے کا وقت بھی نہ ہو۔ لہٰذا چہرے اور گردن کے صرف انہی حصوں پر ہلکا سا فائونڈیشن لگائیں جہاں داغ دھبے نمایاں ہوں۔ اس کے بعد اسے بلینڈ کرلیں۔ آپ دیکھیں گی کہ محض چند منٹ کی کوشش سے ہی آپ کا چہرہ خوبصورت نظر آنے لگا ہے۔  پائوڈر لگاتے وقت بھی اسے تھوپنے کی بجائے ہلکا سا ٹچ دینے پر ہی اکتفا کریں کیونکہ زیادہ پائوڈر لگانے سے آپ کا چہرہ ایک دم ڈل اور سفید سا نظر آنے لگے گا۔ اس کے بعد اپنے رخساروں کی ہڈیوں پر بلش آن کی ہلکی سی جھلک دینا نہ بھولیں، اس سے آپ کے چہرے پر گویا زندگی کی ایک لہر سی دوڑ جائے گی اور آپ ایک دم کھل اٹھیں گی۔  اسی طرح ہونٹوں پر لپ اِسٹک لگانے کا عمل بھی آپ کے میک اَپ میں بہت اہمیت رکھتا ہے۔ لپ اِسٹک کیلئے موزوں رنگ کے انتخاب کے ساتھ ساتھ اسے نفاست سے ہونٹوں پر اپلائی کرنا بھی اسی قدر اہم ہے۔ اچھے برانڈز کی ایسی لپ اِسٹکس ہمیشہ اپنے پاس رکھیں جن کے فارمولے میں لپ پرائمر بھی شامل ہو۔  میک اَپ کے ضمن میں نفاست کے ساتھ بنائی گئی بھنویں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ بھنوئوں کی خوبصورت شیپ سے آپ کے چہرے کا تاثر ایک دم بدل سا جاتا ہے۔ اس لئے بھنوئوں کو احتیاط کے ساتھ بنائیں اور ہلکے ہاتھ سے ان کے درمیان موجود گیپس کو آئی برو پینسل کی مدد سے بھر لیں۔  لیجئے آپ کی تیاری مکمل ہوگئی۔ اب ایک طائرانہ نظر اپنے آپ پر ڈالیں، آئینہ خود بتا دے گا کہ آپ کیسی لگ رہی ہیں۔