تازہ شمارہ
Title Image
March 11, 2019
آئینے کی طرح چمکتا ہے میر باورچی خانہ

آئینے کی طرح چمکتا ہے میر باورچی خانہ

کہتے ہیں کہ باورچی خانہ کسی بھی خاتونِ خانہ کے سلیقے کا آئینہ دار ہوتا ہے۔ لہٰذا خاتونِ خانہ کی ہمیشہ یہی کوشش ہوتی ہے کہ وہ اپنے باورچی خانے کو آئینے کی مانند چمکا کر رکھے۔ یہی نہیں بلکہ وہ خوبصورت اور سجا سنورا بھی نظر آئے۔  اس میں کوئی شبہ نہیں کہ باورچی خانہ گھر کا وہ مقام ہے جہاں صبح سے لے کر شام تک کچھ نہ کچھ پکانے کا سلسلہ جاری رہتا ہے اور خاتونِ خانہ کا بیشتر وقت یہیں گزرتا ہے۔ ناشتے سے لے کر دوپہر کے کھانے اور پھر رات کے کھانے کی تیاری کے مراحل خاصے طویل ہوتے ہیں جبکہ اس دوران مہمانوں کی آمد، ہلکے پھلکے ناشتے اور چائے وغیرہ کا سلسلہ بھی جاری رہتا ہے۔ سو، جب باورچی خانے میں اس قدر کام ہوگا اور اسے مسلسل استعمال کیا جائے گا تو یہاں اس کے اثرات بھی نظر آئیں گے۔ ساری چیزیں بے ترتیب ہوں گی، چاروں جانب پھیلاوا دکھائی دے گا۔ کائونٹر پر سالن کے داغ، دیواروں پر تیل کے چھینٹے، بلینڈر کے قریب گرا ہوا ملک شیک اور یہی نہیں بلکہ فرش پر بھی جا بہ جا بچی کھچی اشیاء گری نظر آئیں گی۔ لہٰذا سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اس کے باوجود آپ اپنے باورچی خانے کو کس طرح سجا، سنورا اور صاف ستھرا رکھ سکتی ہیں۔ آئیے اس ضمن میں کچھ اہم باتوں کا جائزہ لیتے ہیں۔ آپ کے باورچی خانے کی خوبصورتی اور اس کے ساتھ ساتھ آپ کی سلیقہ شعاری کا تاثر ماند نہ پڑنے پائے۔ اس لئے یہاں کچھ باتوں کا خیال رکھنا ضروری ہے۔ سب سے پہلے اپنے کچن میں مناسب روشنی کا خاص اہتمام رکھیں۔ یہ روشنی قدرتی بھی ہوسکتی ہے اور مصنوعی بھی، بہرحال آپ کا کچن روشن رہنا چاہیے۔ اچھا تو یہی رہتا ہے کہ کچن میں ایک کھڑکی ضرور ہو جس سے کم از کم دن کے وقت روشنی اندر آتی رہے جبکہ مصنوعی روشنیاں اس کی خوبصورتی میں اضافہ کرتی رہیں۔ اس طرح آپ کو یہاں کام کرنے میں بھی آسانی رہے گی۔  آپ کے کچن کائونٹر پر ایک عدد فروٹ بائول کی موجودگی سے نہ صرف ماحول کی خوبصورتی میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ اس طرح آپ کا کچن سمٹا ہوا اور صاف ستھرا بھی رہتا ہے۔ یہی نہیں بلکہ آپ کو یہ سہولت بھی رہتی ہے کہ کام کاج کے دوران آپ وقت ضائع کئے بغیر ہلکی بھوک بھی مٹا سکتی ہیں۔   کچن کائونٹر پر رکھے ہوئے چھوٹے چھوٹے سجاوٹی پودے نہ صرف خوبصورتی میں اضافہ کرتے ہیں بلکہ یہ آپ کیلئے کارآمد بھی ثابت ہوسکتے ہیں۔ آپ مختلف چھوٹے برتنوں اور گملوں میں لگائے گئے ایسے پودوں کے سیٹ کا انتخاب کرسکتی ہیں جن میں دھنیا، پودینہ اور اسی قسم کی دوسری کارآمد جڑی بوٹیاں اگائی گئی ہوں۔   باورچی خانے کو سمٹا ہوا اور صاف ستھرا رکھنے کا ایک اور لازمی گُر یہ ہے کہ خواہ آپ کے باورچی خانے میں کیبنٹس بنے ہوئے ہوں یا آپ نے اسے اوپن رکھا ہو، دونوں صورتوں میں یہاں ایسے ہک وغیرہ لگے ہونے چاہئیں جن پر فوری ضرورت کی چیزیں لٹکا کر رکھی جاسکیں جیسے کہ مختلف سائز کے چمچے، کفگیر، چھریاں اور کرچھے وغیرہ۔  کچن کیلئے جار ہمیشہ خوشنما خریدیں اور انہیں روزانہ کی بنیاد پر چمکاتی رہیں۔ یہ جار ایسے ہونے چاہئیں کہ انہیں اگر اوپن کائونٹرز پر بھی رکھا جائے تو دیدہ زیب دکھائی دیں اور باورچی خانے کی شان میں اضافہ کریں۔ ان کی صفائی اس لئے ضروری ہے کہ کھانے بناتے وقت گندے ہاتھ لگنے کے باعث ان پر داغ پڑ جاتے ہیں لیکن اگر اپ ان کی صفائی کا خیال رکھیں گی تو انہیں الماریوں میں چھپا کر رکھنے کی بجائے فخر کے ساتھ سامنے رکھ سکیں گی۔ پھر کوئی یہ نہیں کہہ سکے گا کہ مرچ، مصالحے رکھنے کے جار بھی کبھی خوشنما ہوئے ہیں!