تازہ شمارہ
Title Image
March 11, 2019
ٹی ٹوئنٹی افغان کرکٹرز کے ریکارڈز پر ریکارڈز

ٹی ٹوئنٹی افغان کرکٹرز کے ریکارڈز پر ریکارڈز

افغانستان نے آئرلینڈ کے خلاف سیریز کے دوسرے میچ میں حضرت اللہ زازئی کی دھواں دھار بیٹنگ کی بدولت ٹی ٹوئنٹی کی تاریخ کے سب سے بڑے ٹوٹل سمیت کئی اہم ریکارڈز توڑ ڈالے۔ بھارت کے شہر دیرادون میں آئرلینڈ کے خلاف تین میچوں پر مشتمل سیریز کے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں افغانستان نے دنیائے کرکٹ کو اس مختصر ترین فارمیٹ میں اپنی مضبوطی کا ثبوت دے دیا۔ اس میچ میں افغان کرکٹ ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی کی تاریخ کا سب سے بڑا ٹوٹل بناتے ہوئے کئی ریکارڈز اپنے نام کرلیے۔ افغانستان کے اوپننگ بلے باز حضرت اللہ زازئی نے جب اپنا بلا چلانا شروع کیا تو اسے روکنے کا فارمولا پوری اننگز میں آئرلینڈ کے پاس نظر نہیں آیا۔ حضرت اللہ زازئی نے ساتھی اوپنر عثمان غنی کے ہمراہ نہ صرف بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی بلکہ کسی بھی سطح پر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی سب سے بڑی پارٹنر شپ کا ریکارڈ بنا ڈالا۔ دونوں کھلاڑیوں کے شاندار چھکوں کے سامنے آئرلینڈ کے کھلاڑی بے بسی کی تصویر بنے رہے اور گیندوں کوبونڈری کے باہر جاتے ہوئے دیکھتے رہے۔ حضرت اللہ زازئی اور عثمان غنی نے پہلی وکٹ پر 236 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی جو نہ صرف بین الاقوامی بلکہ کسی بھی طرز کی ٹی کرکٹ کی سب سے بڑی پارٹنر شپ ہے۔ ان سے قبل بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے بڑی پارٹنر شپ کا ریکارڈ آسٹریلیا کے ایرون فنچ اور ڈی آرسی شارٹ کا ہے جنہوں نے جولائی 2018 ء میں سہ ملکی سیریز کے دوران زمبابوے کے 223 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی تھی۔ اس کے علاوہ کسی بھی طرز کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے بڑی پارٹنر شپ کا ریکارڈ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں رائل چیلنجرز بنگلور کی جانب سے کھیلتے ہوئے اے بی ڈی ویلیئرز اور ویرات کوہلی نے بنایا تھا۔ دونوں عظیم کھلاڑیوں نے یہ ریکارڈ 2016 ء میں ہونے والے ایڈیشن میں گجرات لائنز کے خلاف یہ ریکارڈ قائم کیا تھا۔ علاوہ ازیں اس اننگز میں حضرت اللہ زازئی نے 16 چھکے مارکر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکے مارنے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کر کرلیا۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ آسٹریلیا کے ایرون فنچ کے پاس تھا جنہوں نے اگست 2013 ء میں انگلینڈ کے خلاف ساؤتھ ہیمٹن کے مقام پر 156 ؍رنز کی ریکارڈ ساز اننگز کھیلتے ہوئے 14 چھکے لگائے تھے۔ حضرت اللہ زازئی نے اس اننگز میں دوسری سب سے بڑی انفرادی ٹی ٹوئنٹی اننگز کھیلنے کا ریکارڈ بھی بنالیا۔ ٹی ٹوئنٹی کی تاریخ کی سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلنے کا ریکارڈ آسٹریلیا کے ایرون فنچ کے پاس ہے جنہوں نے سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں زمبابوے کے خلاف 172 ؍رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ افغانستان نے آئرلینڈ کے خلاف 278 رنز اسکور کیے جو بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا سب سے بڑا اسکور ہے۔ اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا سب سے بڑا اسکور 263 رنز تھا جو آسٹریلیا نے ستمبر 2016 ء میں سری لنکا کے خلاف پالی کیلے کے مقام پر بنایا تھا۔ مذکورہ میچ میں افغانستان نے آئرلینڈ کو جیت کے لیے 279 رنز کا ہدف دیا تاہم حریف ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بناسکی۔ خیال رہے کہ زازئی وہی افغان بلے باز ہیں جنہوں نے پہلی افغان پریمیئر لیگ میں ایک ہی اوور میں 6 چھکے لگانے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔