تازہ شمارہ
Title Image
March 11, 2019
ڈیرن سیمی کو پاکستان لگا پیارا

ڈیرن سیمی کو پاکستان لگا پیارا

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے پاکستانی شائقین کی حمایت کو اپنے لیے فخر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ میرے لیے پاکستانیوں کا پیار زندگی بھر کا خزانہ ہے اور میں پاکستان کا دورہ کرتا رہوں گا۔ پی ایس ایل کی ویب سائٹ کو انٹرویو میں ڈیرن سیمی نے کہا کہ میں فخر محسوس کرتا ہوں اور سمجھتا ہوں کہ پاکستانی عوام کا میرے لیے یہ پیار صرف اور صرف پی ایس ایل کی وجہ سے آیا اور یہ میری زندگی بھر کا سرمایہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں اس بات پر پُرعزم ہوں اور پاکستان کا دورہ مسلسل کرتا رہوں گا۔ ویسٹ انڈیز کو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں دو مرتبہ چیمپیئن بنانے والے ڈیرن سیمی، پی ایس ایل میں شامل ہونے کے بعد پاکستانی مداحوں کی جانب سے سب سے زیادہ پیار سمیٹنے والے غیر ملکی کھلاڑی ہیں اور یہاں تک کہ پشاور زلمی سے جڑنے کی مناسبت سے انہیں ڈیرن سیمی خان کا نام بھی دیا گیا۔ ڈیرن سیمی نے پی ایس ایل 2019 ء کے آغاز سے قبل پشاور کا دورہ بھی کیا اور دیگر غیر ملکی کھلاڑیوں کو پیغام دیا کہ کس طرح پاکستان ایک محفوظ ملک ہے اور یہاں کرکٹ کے عالمی مقابلے ہوسکتے ہیں۔ پشاور زلمی کے کپتان نے پشاور میں ٹیم کی کٹ کی رونمائی کی، تقریب میں حصہ لیا اور 2014 ء میں دہشت گردوں کا نشانہ بننے والے آرمی پبلک اسکول کا دورہ کیا جس کا مقصد متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ یکجہتی تھا۔ ڈیرن سیمی کا کہنا تھا کہ زلمی میرے اپنے خاندان کی طرح ہے اور ان کی جانب سے جو پیار دیا گیا ہے وہ میرے لیے بہت اہمیت رکھتا ہے۔ میں پاکستانی عوام کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کیونکہ وہ مجھے اپنا سمجھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میری نظر میں پی ایس ایل دنیا میں بہترین لیگز میں سے ایک ہے اور بہت مختصر وقت میں اس نے بڑے برانڈ کی شکل اختیار کی ہے۔ اسی طرح پی ایس ایل میں کھیلنا ہمیشہ ایک لطف کی بات ہے۔ خیال رہے کہ ڈیرن سیمی پی ایس ایل کے علاوہ کریبیئن پریمیئر لیگ (سی پی ایل)، انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) اور دنیا بھر میں کھیلی جانے والی ٹی ٹوئنٹی کی دیگر بڑی لیگز کا حصہ رہے ہیں۔ پی ایس ایل سے سامنے آنے والے باصلاحیت کھلاڑیوں کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل نے پاکستان کو ابھرتے ہوئے کھلاڑی دیئے ہیں اور جن کھلاڑیوں نے پی ایس ایل میں بہترین کارکردگی دکھائی انہیں دنیا کی دیگر بڑی لیگز میں منتخب کیا گیا۔ ڈیرن سیمی نے کھلاڑیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ ابتسام شیخ اور سمین گل وہ کھلاڑی ہیں جو پشاور زلمی سے آئے ہیں۔ ابتسام شیخ ابھرتے ہوئے لیگ اسپنر ہیں اور سمین گل نوجوان فاسٹ بولر ہیں۔