تازہ شمارہ
Title Image
March 11, 2019

علی ظفر کی حب الوطنی جاگ اٹھی

سپر اسٹار علی ظفر کی حب الوطنی نے بھارتی اداکاروں کو آگ بگولا کر دیا، تہذیب ہی بھول گئے۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی معروف ویب سائٹ ٹویٹر پر بھارتی شہری اور اداکاروں سے علی ظفر کی پاکستان سے محبت ہضم نہیں ہو سکی۔ پلوامہ واقعے کے بعد معروف اداکار نے ہر مرحلے پر امن کا پرچار کیا اور وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے مذاکرات کی دعوت اور تحقیقات کی پیشکش کو سراہا۔ یہ عمل سینئر بھارتی اداکار اور بی جے پی کے رہنما پریش راول کو ایک آنکھ نہیں بھایا۔ علی ظفر نے پلوامہ کے بعد وزیراعظم کی تقریر کو سراہتے ہوئے لکھا: ’’کیا شاندار تقریر ہے۔‘‘ چند روز بعد جب بھارت نے نام نہاد سرجیکل اسٹرائیک کا ڈھونگ کیا تو پریش راول بغلیں بجاتے ہوئے بچگانہ طنز کرتے نظر آئے۔ گو دیگر بھارتی فنکاروں اور انڈسٹری سے جڑی شخصیات نے پریش راول کا ساتھ دیا، مگر چند اداکاروں نے ان کا دفاع بھی کیا۔  اجے دیوگن اور سونو نگم، جو عام طور پر پاکستان مخالف ہیں، انہوں نے اس بار معتدل رویہ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستانی ہیں، وہ جو کر رہے ہیں، اپنے طور پر ٹھیک کر رہے ہیں۔ پاک بھارت کشیدگی پر بولی وڈ اداکاروں کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایسے پیغامات دیئے جارہے تھے جن سے مزید اشتعال انگیزی کی فضا قائم ہو۔ بالی وڈ اداکار اجے دیوگن کا کہنا ہے کہ علی ظفر نے پلوامہ حملے کے بعد پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کے خطاب کی حمایت کرکے اپنے ملک سے وفاداری کا ثبوت دیا ہے۔ انتہا پسند بھارتیوں نے عمران خان کو سپورٹ کرنے پر علی ظفر کو دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ اب کبھی بھارت مت آنا، تاہم بالی وڈ اداکار اجے دیوگن نے دیگر بھارتیوں کے برعکس علی ظفر کو حب الوطن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ علی ظفر پاکستانی ہیں لہٰذا ظاہر سی بات ہے وہ اپنے ملک اور اپنی قوم کو سپورٹ کریں گے اور ہم اپنے ملک کو سپورٹ کریں گے۔