تازہ شمارہ
Title Image
March 11, 2019
پھر میرا آگئیں میدان میں

پھر میرا آگئیں میدان میں

اداکارہ میرا کے ساتھ آئے دن کوئی نہ کوئی ایسا واقعہ رونما ہو جاتا ہے، جس کے سہارے انہیں پریس کانفرنس کا موقع مل جاتا ہے اور وہ خبروں میں اِن رہنے کی اپنی خواہشات پوری کر لیتی ہیں۔ پاکستانی میڈیا کو بھی میرا کی چٹپٹی خبروں میں ہمیشہ دلچسپی رہتی ہے، اسی لئے وہ دوڑے دوڑے اپنے کیمرے اور لائیو کوریج کرنے والی ٹی وی چینلز کی ڈی ایس ان جی گاڑیاں لے کر میرا کی باتیں کور کرنے پہنچ جاتے ہیں۔ پچھلے دنوں بھی کچھ ایسا ہی ہوا۔ میرا نے ایک انوکھی کہانی سنانے کے لئے پریس کانفرنس کال کر لی۔ اس مرتبہ میرا کا کہنا تھا کہ ان کا ملازم اے ٹی ایم سے 4 لاکھ روپے، گھر کے زيورات، کریڈٹ کارڈ اور پرس چوری کرکے بھاگ گیا ہے۔ اداکارہ کے مطابق واقعے کے بعد انہوں نے تھانہ ڈیفنس میں مقدمہ درج کرایا لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔ اداکارہ میرا کا کہنا ہے کہ ان کا کریڈٹ کارڈ اور اس کا کوڈ ملازم اصغر کے پاس تھا۔ میرا نے بینک پر بھی ملی بھگت کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اے ٹی ایم سے رقم نکلنے کا موبائل فون پر پیغام نہیں آیا۔ بینک اور ملازم کی ملی بھگت سے ان کے اکاؤنٹ سے رقم چوری ہوئی ہے۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ بینک کو تحریری شکایت بھی کی ہے لیکن اس کا بھی کچھ نہیں بنا۔ تادم تحریر یہ صورت حال تھی، پھر کیا ہوا، اس کی اَپ ڈیٹ ان سطور کی اشاعت تک منظرعام پر آچکی ہوں گی۔ اسی دوران میرا نے موجودہ پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں ایک بیان داغ دیا اور یہ خبر سامنے آئی کہ اداکارہ میرا نے بھارتی فلموں میں آئندہ کام نہ کرنےکا اعلان کر دیا۔ لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میرا نے کہا کہ میں پاکستان کے لئے جان دینا چاہتی ہوں اور جان دے بھی سکتی ہوں۔ میرا نے بھارتی فلموں میں آئندہ کام نہ کرنے کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھے گا، اس کی جان لے لیں گے۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ جب بھی پاکستان کا نام آتا ہے، جذباتی ہو جاتی ہوں۔ تقریب میں موجود صحافی میرا کے سامنے تو ان کی حب الوطنی پر سر دھنتے رہے، مگر سرگوشیوں میں اکثر کا یہی کہنا تھا کہ میرا کو کوئی بھارتی فلم کاسٹ ہی نہیں کر رہا تو وہ ان فلموں میں کام نہ کرنے کا اعلان کیسے کرسکتی ہیں۔ پاکستانی اسکینڈل کوئین اداکارہ میرا نے اسی دوران اپنے ایک اور بیان میں کہا ہے کہ اداکارہ ریما خان میری مقبولیت سے جلتی ہیں۔ ریما نے الزامات کا جواب دینے کی بجائے میرا کو بے وقوف عورت قرار دے دیا۔ ایک تقریب کے دوران میرا نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریما نے گلوکار وارث بیگ کے ساتھ مل کر میری شہرت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی ہے۔ دوسری جانب اداکارہ ریما نے ان الزامات کا جواب دینے کی بجائے میرا کو بے وقوف عورت قرار دے دیا۔