تازہ شمارہ
Title Image
March 11, 2019
ایمان کا ولیمہ

ایمان کا ولیمہ

پاکستانی اداکارہ اور ماڈل ایمان علی نے رواں ماہ اپنے قریبی دوست بابر بھٹی سے شادی کرکے زندگی کے نئے سفر کا آغاز کردیا۔ لاہور سے تعلق رکھنے والی ایمان علی کی ملاقات بابر بھٹی سے کراچی میں ہوئی اور یہ دونوں کئی سالوں سے ایک دوسرے کے ساتھ ہیں جبکہ گزشتہ سال تک ان دونوں نے اپنے رشتے کو خفیہ بھی رکھا۔38 سالہ ایمان علی نے اپنے شادی کے دوران تو زرد رنگ کے ملبوسات پہنے، جس کے حوالے سے اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ اپنی پوری زندگی ماڈلنگ کے دوران بھاری ملبوسات پہنتی آرہی ہیں اور یہی وجہ ہے کہ وہ اپنی شادی میں نہایت سادہ انداز اپنائیں گی۔ جہاں ماڈل کے نکاح اور مہندی کی تقریب میں ان کے انداز کو بےحد پسند کیا گیا، وہیں اب ان کی شادی کے استقبالیہ کی تقریب کے دوران بھی ایمان علی کی تیاری کے سوشل میڈیا پر خوب چرچے ہو رہے ہیں۔ ایمان علی نے اپنی شادی کی استقبالیہ تقریب کے دوران قریبی دوست ڈیزائنر مہدی کی جانب سے بنایا گیا عروسی جوڑا زیب تن کیا۔ ان کا عروسی جوڑا سفید اور سنہرے رنگ کے ساتھ تیار کیا، جبکہ اس دوران انہوں نے خوبصورت زیورات پہن کر اپنے اس لُک کو مکمل کیا۔ استقبالیہ تقریب میں پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی کئی نامور شخصیات نے شرکت کی جن میں علی ظفر، عروہ حسین، فرحان سعید اور ثروت گیلانی شامل ہیں۔ اس تقریب کے دوران ایمان علی اپنے دوستوں اور بابر بھٹی کے ہمراہ رقص کرتی بھی نظر آئیں۔ جبکہ گلوکار و اداکار علی ظفر نے اس ایونٹ میں ایمان علی کے لیے گانے بھی گائے۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ اداکارہ و ماڈل ایمان علی شادی کے بعد بھی شوبز انڈسٹری سے وابستہ رہیں گی۔ رواں سال اداکارہ طویل عرصے بعد اپنے فنی کیریئر کی پہلی ویب ڈرامہ سیریز ’’بادشاہ بیگم‘‘ میں کام کریں گی جس کی عکسبندی کا آغاز ماہ اکتوبر میں کیا جائے گا۔ اس سیریز میں ان کے ہمراہ گوہر رشید، عمران اشرف فی الحال کنفرم ہوچکے ہیں۔ ایمان علی اس سے قبل متعدد ڈراموں اور فلموں میں اپنی شاندار اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں تاہم ’’خدا کے لئے‘‘ ان کی بہترین فلم رہی۔ انہیں لکس اسٹائل ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔