تازہ شمارہ
Title Image
March 11, 2019
بھارتی فنکار پیسے لے کر پروپیگنڈا کرنے کو تیار

بھارتی فنکار پیسے لے کر پروپیگنڈا کرنے کو تیار

پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدہ تعلقات کا آغاز بھارت سے ہوا۔ کچھ بولی وڈ کے فنکاروں نے پاکستان کے خلاف بھی زہر اگلنا شروع کردیا۔ تاہم بھارتی میڈیا نے خود ہی اپنے فنکاروں کے خلاف اسٹنگ آپریشن کرتے ہوئے انہیں بے نقاب کیا ہے۔ ایک بھارتی ویب سائٹ کی جانب سے کی جانے والی تحقیق کے مطابق کم سے کم 3 درجن بولی وڈ شخصیات پیسوں کی خاطر سیاسی پروپیگنڈا چلانے پر تیار ہوگئیں۔ کوبرا پوسٹ نامی ویب سائٹ کی جانب سے چند ماہ تک کی جانے والی تفتیش کے دوران جیکی شروف سے لے کر وویک اوبرائے اور ماہیما چوہدری سے لے کر امیشا پٹیل تک کئی اداکار پیسوں کی خاطر اپنے سوشل میڈیا کو استعمال کرنے کے لیے راضی ہوگئے۔ ویب سائٹ کی جانب سے جاری کی گئی اس طویل تفتیش کی ویڈیوز میں اداکاروں کو پیسوں کی خاطر سوشل میڈیا پر سیاسی پروپیگنڈا کرنے کے لیے تیار ہوتے ہوئے دیکھا اور سنا جا سکتا ہے۔ ان ویڈیوز میں ویب سائٹ کے نمائندے شوبز شخصیات سے کسی سیاسی جماعت کے ایجنٹ بن کر ملے تھے۔ ویب سائٹ کے نمائندوں اور شوبز شخصیات کے درمیان ہونے والی ملاقات کی ویڈیو اور آڈیو ریکارڈنگ خفیہ طور پر کی گئی تھی۔ ویب سائٹ کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیوز میں ماہیما چوہدری، جیکی شروف، وویک اوبرائے، امیشا پٹیل، شکتی کپور اور سونو سود سمیت دیگر شخصیات کو پیسوں کی خاطر سوشل میڈیا پر سیاسی پروپیگنڈا یا مہم چلانے کے لیے راضی ہوتے ہوئے سنا اور دیکھا جاسکتا ہے۔ ویڈیوز میں دکھایا گیا ہے کہ ویب سائٹ کے نمائندے سیاسی ایجنٹ بن کر شوبز شخصیات کو اپنی جماعت کے حق میں مہم چلانے کے لیے کہتے ہیں اور بدلے میں انہیں بھاری رقم کی پیشکش کرتے ہیں۔ ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کئی شوبز شخصیات پیسوں کی خاطر سیاسی پروپیگنڈا یا مہم چلانے کے لیے نہ صرف تیار ہوگئیں بلکہ انہوں نے اس مہم کو بھرپور طریقے سے چلانے کے لیے کچھ مشورے بھی پیش کئے۔ مجموعی طور پر ویب سائٹ نے 36 شوبز شخصیات کو خفیہ طور پر سیاسی مہم چلانے کے لیے پیش کش کی، جس میں سے زیادہ تر شخصیات یہ سب کچھ کرنے کے لیے تیار ہوگئیں۔ تاہم اداکارہ ودیا بالن، ارشد وارثی اور رضا مراد جیسے اداکاروں نے سوشل میڈیا پر سیاسی پروپیگنڈا چلانے سے انکار کردیا۔ خیال رہے کہ بولی وڈ کی کئی شخصیات سیاست میں دلچسپی بھی رکھتی ہیں جبکہ رواں برس بھارت میں ہونے والے عام انتخابات میں بھی کئی شخصیات کو انتخابی اکھاڑے میں اتارے جانے کی چہ میگوئیاں کی جارہی ہیں۔ ماضی میں امیتابھ بچن، سنیل دت، گووندا اور شتروگن سنہا جیسے اداکار بھی سیاست کا حصہ رہ چکے ہیں۔