تازہ شمارہ
Title Image
March 11, 2019
90 دن میں منگنی ختم ، 48 گھنٹے میں دل کسی اور کا؟

90 دن میں منگنی ختم ، 48 گھنٹے میں دل کسی اور کا؟

امریکی پاپ گلوکارہ و اداکارہ 32 سالہ لیڈی گاگا یوں تو ہر وقت خبروں میں رہتی ہیں، تاہم ان دنوں وہ اپنے تعلقات اور محبت کے حوالے سے خبروں میں ہیں۔ لیڈی گاگا نے گزشتہ دنوں ٹیلنٹ ایجنٹ 49 سالہ کرسٹیئن کرنیو سے اپنی منگنی 90 دن کے بعد ہی ختم کردی تھی۔ تاہم منگنی ٹوٹنے کے محض 2 دن بعد ہی یہ خبر سامنے آئی کہ لیڈی گاگا نے ساتھی اداکار بریڈلی کوپر سے تعلقات استوار کرلیے ہیں۔ بریڈلی کوپر اور لیڈی گاگا حال ہی میں ریلیز ہونے والی ایوارڈ یافتہ میوزیکل رومانٹک فلم ’’آ اسٹا اِز بورن‘‘ میں ایک ساتھ نظر آئے تھے۔ اس فلم کی ہدایات بھی بریڈلی کوپر نے ہی دی تھیں۔ لیڈی گاگا کی منگنی ٹوٹنے کے بعد مداحوں نے انہیں اور بریڈلی کوپر کو مشورہ دیا کہ وہ شادی کرلیں۔ اگرچہ دونوں نے مداحوں کی فرمائش پر کوئی جواب نہیں دیا، تاہم رپورٹس کے مطابق دونوں کے درمیان چند ماہ سے اچھے تعلقات ہیں اور ممکنہ طور پر دونوں جلد اپنے رشتے سے متعلق کوئی اعلان کریں گے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ بریڈلی کوپر کے بھی روسی سپر ماڈل 33 سالہ ایرینا شایک سے تعلقات ہیں، تاہم ان کے درمیان بھی اختلافات کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ رپورٹس کے مطابق بریڈلی کوپر اور ایرینا شایک کے درمیان اختلافات لیڈی گاگا کی وجہ سے ہوئے، تاہم ان دونوں کے درمیان اختلافات کی تصدیق بھی نہیں ہوسکی۔ بریڈلی کوپر اور ایرینا شایک کا ایک بچہ بھی ہے اور دونوں جلد شادی کا ارادہ بھی رکھتے ہیں، تاہم اب ان کی شادی مشکل میں پڑتی دکھائی دے رہی ہے۔ بریڈلی کوپر بھی لیڈی گاگا سے عمر میں 11 سال بڑے ہیں۔ اگر لیڈی گاگا اداکار بریڈلی کوپر سے تعلقات کو رشتے میں بدلتی ہیں تو یہ ان کی تیسری منگنی ہوگی۔ لیڈی گاگا نے پہلی منگنی اداکار و گلوکار 37 سالہ ٹیلر کنی کے ساتھ کی تھی۔ ان دونوں کے درمیان 2011ء میں تعلقات استوار ہوئے اور دونوں نے فروری 2015ء میں منگنی بھی کرلی تھی اور جلد شادی کا ارادہ بھی کیا تھا۔ تاہم دونوں نے جولائی 2016ء میں منگنی ختم کردی تھی۔