تازہ شمارہ
Title Image
March 11, 2019

بالکونی کیسے سجائوں؟

میرے اپارٹمنٹ میں ایک چھوٹی سی بالکونی ہے، مجھے اس کی سجاوٹ کیلئے آپ کی تجاویز درکار ہیں۔ بیشتر اپارٹمنٹس کے ساتھ دی گئی بالکونیاں بالکل سپاٹ اور بے رونق سی ہوتی ہیں۔ انہیں ڈیزائن کرتے وقت عموماً خوشنمائی کا پہلو مدنظر نہیں رکھا جاتا۔ سادہ سا فرش اور سادہ سی سیمنٹ کے پلاستر والی دیواروں کے سوا وہاں کچھ نہیں ہوتا۔ ان کی گرل اور فرش وغیرہ کی تعمیر میں بھی ناقص مٹیریل ہی استعمال کیا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہ بہت جلد ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے لگتی ہیں اور یوں مزید بدنما نظر آنے لگتی ہیں۔  آپ اپنی بالکونی کی سجاوٹ اور دلکشی کیلئے یہاں سب سے پہلے اس کے فرش پر توجہ دیں۔ اپنی پسند کے مطابق یہاں ٹائلز، چپس یا پتھروں والا فرش بنوائیں۔ رنگین گملوں میں لگائے گئے ہرے بھرے پودے لا کر یہاں رکھیں۔ جگہ کی کمی کو پورا کرنے کیلئے بالکونی میں ہینگنگ پلانٹس بھی بہت اچھے رہتے ہیں۔ خوبصورت ڈوریوں میں لٹکتے چھوٹے سائز کے گملے ہمیشہ منفرد سا تاثر پیش کرتے ہیں۔ کچھ پودے آپ بالکونی کی گرل کے ساتھ بھی سجا سکتی ہیں۔ اگر بالکونی نسبتاً کشادہ ہے تو یہاں لکڑی کے پینلز بنوائے جاسکتے ہیں اور ان پر ڈیکوریشن پیسز آویزاں کئے جاسکتے ہیں۔  اس کے علاوہ نشست و برخاست کیلئے یہاں آئرن کا فرنیچر ڈالیں۔ صوفے یا کائوچ پر شوخ دیدہ زیب پینٹ کروایا جاسکتا ہے۔ پھر اس پر خوشنما کنٹراسٹ میں کشن اور تکیے رکھیں۔ گرل اگر پرانی ہوگئی ہے تو اسے بدلوا لیں اور اس پر پلاسٹک کی بیلیں سجالیں یا اگر چاہیں تو گرل کو ہری بھری قدرتی بیلوں سے آراستہ کرلیں۔  (عادل ساجن، انٹیریئر ڈیکوریٹر)